بیلتنگڈی 19 / جولائی (ایس او نیوز)بیلتنگڈی تعلقہ کے ماچینا گاوں میں ایک المناک واقعہ پیش آیا جس میں ایک شوہر نے اپنی بیوی کی خودکشی کا صدمہ نہ برداشت کرتے ہوئے آخری رسومات کے وقت خود کو پھانسی لگا کر اپنی جان دے دی ۔
اطلاع کے مطابق شیوپّا گوڈا (56 سال)نامی کی بیوی چندراوتی (49 سال) سنیچر کے دن دوپہر کے وقت جانوروں کا چارا جمع کرنے کے لئے گھر سے باہر گئی تھی ۔ شام ہونے تک بھی واپس نہ لوٹنے پر اسے تلاش کیا گیا تو قریب میں واقع ایک کاجو کے درخت سے اس کی لاش لٹکتی ہوئی پائی گئی ۔ سمجھا جاتا ہے کہ شوہر کو لگی ہوئی شراب کی لت اور ناقابل علاج بیماریوں کی وجہ سے چندراوتی بہت زیادہ ذہنی دباو میں تھی ۔ اس کے علاوہ چونکہ ان کی کوئی اولاد پیدا نہیں ہوئی تھی اس لئے بھی وہ پریشان رہتی تھی ۔
بتایا جاتا ہے کہ چندراوتی کی آخری رسومات سنیچر کی شام کو جس مقام پر ادا کی گئی وہاں برسات سے بچنے کے لئے شامیانہ لگایا گیا تھا ۔ اتوار کے دن صبح میں اسی شامیانہ کی سلاخ سے لگائے ہوئے پھندے میں شیوپاّ گوڈا کی لاش لٹکتی ہوئی ملی ۔ اس ضمن میں پونجلکٹَے پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کیا گیا ہے ۔